واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور انڈیا کے مابین ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان اور بھارت کو اکٹھا کریں گے‘ ان کی کشمیر پر طویل عرصے سے دشمنی ہے، میں نے ان سے کہامیں آپ کا ثالث بنوں گا اور میں کچھ بھی حل کر سکتا ہوں‘پاک بھارت جوہری جنگ کو تجارت اور فون کالزکے ذریعے روکا‘میں نے ہندوستانی اور پاکستانی دونوں رہنماؤں کو ذاتی طورپر فون کیااور ان سے کہاکہ اگر آپ جنگ کریں گے تو آپ ہمارے ساتھ تجارت نہیں کر سکیں گےاور وہ دونوں میری بات سمجھ گئے ۔جمعرات کوایک بل پر دستخط کی تقریب کے بعد ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایاکہ میں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ روکی اور میں نے اسے تجارت کے ذریعے روکا۔ انہوں نے کہاکہ حملہ کرنے کی باری پاکستان کی تھی اور بالآخر وہ جوہری ہتھیار استعمال کرنے والے تھے۔ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے کشیدگی کے عروج پر ہندوستانی اور پاکستانی دونوں رہنماؤں کو ذاتی طور پر فون کیا‘میں ان کی بہت عزت کرتا ہوں‘ میں نے تجارت کے بارے میں بات کی۔