کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایران پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین سندھ کی جانب سے بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں، مرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد خوجا اثناء عشری کھاردر کے باہر کیا گیا،شرکا سے خطاب میں صوبائی صدر علامہ سید باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا وجود خطہ میں ناسور بنتا جارہا ہے،خطہ میں امریکی و صہیونی عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، غاصب اسرائیل و امریکہ کو خطہ میں شکست کا سامنا ہے، صہیونی جارحیت نے پورے خطہ کے امن کو تباہ کر دیا ہے، امت مسلمہ کو داخلی و خارجی سازشوں کا شکار کر کے کمزور کیا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک آج اگر ایران کا ساتھ نہیں دیں گے تو کل ان کی بھی بقاء کا مسئلہ بن جائے گا، اسرائیل خطہ میں مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، صہیونی جارحیت کے خلاف ایران کا دفاع امت مسلمہ کا دفاع ہے،پاکستان کے عوام اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والی بے گناہ ایرانی عسکری قیادت و عوام سمیت حکومت ایران سے اظہار ہمدردی کرتے ہے اور دعاگو ہیں کے خداوند ان کے درجات بلند فرمائے ، مظاہرے میں علامہ صادق جعفری، مولانا حیات عباس،علامہ مبشر ھسن،ناصر الحسینی،مولانا ملک عباس سمیت علماو کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔