کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایف آئی ایچ نیشنز کپ ہاکی ٹور نامنٹ ہفتے سے ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں شروع ہوگا، افتتاحی میچ فرانس اور کوریا کے درمیان کھیلا جائے گا، پہلے روز دوسرامیچ جنوبی افریقا اور ویلز کے مابین ہوگا،، نیشنز کپ میں پاکستان کو پول بی میں نیوزی لینڈ، ملائیشیا اور جاپان کا سامنا ہوگا،پول اے میں فرانس،جنوبی افریقا، کوریا اور ویلز کی ٹیمیں شامل ہیں،قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 15 جون کو ملائیشیا، 16 کو جاپان اور 18 جون کو نیوزی لینڈ سے کھیلے گی۔سیمی فائنلز 20 جون کو کھیلے جائیں گے، فائنل 21 جون کو منعقد ہو گا، ایونٹ کی فاتح ٹیم ایف آئی ایچ پرو لیگ کھیلنے کی حقدار بنے گی ۔پاکستان اپنا پہلا میچ رواں ماہ 15 جون کو ملائشیا کے ساتھ کھیلے گا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کی ملایشیا میں تیاریاں جاری ہے۔ہیڈ کوچ طاہر زمان کی نگرانی میں پاکستان ٹیم کے پلیئرز کے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔قومی ہاکی ٹیم اسکل ورک اور فٹنس پر کام کے ساتھ موسم سے ہم آہنگ ہونے میں مصروف ہے۔واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم نیشنز کپ جیت کر پرو لیگ میں جگہ بنانے کے لیے پُرعزم ہے،،قومی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ہم پرو ہاکی لیگ میں رسائی کے ہدف کے ساتھ آئے ہیں، ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا کہ کھلاڑی ملائیشیا کے موسم اور کنڈیشن سے ہم آہنگ ہورہے ہیں، پریکٹس میچوں سے ردہم میں آنے میں مدد ملے گی۔