اسلام آباد (مہتاب حیدر) مالیاتی بل 2025-26 میں مجوزہ تبدیلیوں کے تحت سالانہ 10 ملین روپے سے زائد پنشن آمدنی کو 5 فیصد کی شرح سے ٹیکس کے دائرے میں لایا گیا ہے، لیکن اس تجویز نے کئی لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔ سب سے پہلے، ایسا لگتا ہے کہ ایف بی آر نے ایسی تبدیلیوں کی تجویز دی ہے جس کے بعد کمیوٹیشن (ایک وقت کی ادائیگی) عملی طور پر تمام صورتوں میں ٹیکس کے تابع ہو جائے گی۔ اگر یہ مجوزہ تبدیلیاں پارلیمنٹ سے منظوری حاصل کر لیں، تو اس کے تمام پنشنرز کے لیے سنگین نتائج ہوں گے۔ اس لیے قانون میں کمیوٹیشن کے عنصر کا تفصیلی جائزہ لینا ضروری ہے کیونکہ ہر اعلیٰ عہدے کا افسر جو ایڈوانس میں زیادہ سے زیادہ حد نہیں لے پائے گا، اسے بڑھا ہوا ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔