• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے مختلف علاقوں میں پھر زلزلے کے جھٹکے، خوفزدہ شہری باہر نکل آئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہفتے کو زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث کئی علاقوں میں خوفزدہ شہری باہرنکل آئے۔کراچی کے علاقوں شاہ فیصل کالونی، قائدآباد ، ملیریونیورسٹی روڈ اور گلزار ہجری کے اطراف کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق مختلف علاقوں میں محسوس کئے گئے زلزلے کے جھٹکوں کی شدت 3.2ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کی گہرائی 38کلو میٹر تھی۔زلزلے کے باعث کسی بھی قسم کے جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئیں۔ چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر کے مطابق کراچی میں زلزلے کے جھٹکے لانڈھی فالٹ لائن متحرک ہونے کی وجہ سے آرہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 2009میں بھی لانڈھی فالٹ لائن متحرک ہوئی تھی۔ 2009 میں 2 ماہ سے زائد تک معمولی شدت کے زلزلے ریکارڈ ہوئے تھے۔واضح رہے کہ کراچی میں یکم جون سے اب تک زلزلے کے 34 جھٹکے رپورٹ ہوئے ہیں، زلزلے کے یہ تمام جھٹکے معمولی شدت کے تھے۔
اہم خبریں سے مزید