• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل کرانے کی بھارتی کوشش ناکام، اسلام آباد کو چین، ترکی، جاپان کی مکمل حمایت

پیرس، اسلام آباد (رضا چوہدری، ایجنسیاں) بھارت کو فیٹف میں بھی منہ کی کھانا پڑگئی، پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کرانے کی بھارتی کوشش ناکام ہوگئی، ایف اے ٹی ایف کا پاکستان کو گرے لسٹ کے بجائے رپورٹنگ پر رکھنے کا فیصلہ، اجلاس میں چین، ترکیہ اورچاپان نے پاکستان کو ریلیف کی حمایت کی۔ فیٹف فیصلے کے بعد بھارت اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔اسے اسلام آباد کی بڑی سفارتی کامیابی کہا جارہا ہے، کیونکہ فیٹف کے رکن ممالک نے بھارتی پروپیگنڈے کو نظر انداز کردیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران چین نے پاکستان کے حق میں واضح موقف اختیار کیا اور ریلیف کی حمایت کی، ترکی اور چاپان نے بھی پاکستان کی مکمل حمایت کی۔ آپریشن بنیان مرصوص کے بعد بھارت نے پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کیں۔پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کیلئے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ پیش پیش رہی۔ ذرائع کے مطابق ”را“ نے پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے نئی دہلی میں ایک ڈس انفو لیب بھی قائم کی، اس ڈس انفو لیب کا مقصد پاکستان کے حوالے سے بین الاقوامی دنیا کو گمراہ کرنا ہے، اس ڈس انفو لیب کے ذریعے پاکستان کیخلاف جھوٹا اور من گھڑت پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، بھارتی حکومت کے سفارتی وفود دنیا کے مختلف ممالک گئے اور ہر جگہ پاکستان کے خلاف زہر افشانی کی گئی، دنیا کے کسی بھی ملک نے بھارت کے سفارتی وفد کے بیانیے کو پذیرائی نہیں دی۔ ذرائع کے مطابق بھارت اسرائیل کی مدد سے ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کیخلاف استعمال کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا تھا، تاہم FATF کے رکن ممالک نے بھارت کے منفی پروپیگنڈے کو نظر انداز کیا۔ ذرائع کے مطابق بھارت کی تمام تر سازشوں کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہ کرنا ایک بڑی کامیابی ہے۔
اہم خبریں سے مزید