اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد)وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تین اہم انتظامی فیصلوں کے تحت مختلف کسٹمز افسران کے حوالے سے احکامات جاری کیے۔ایف بی آر کراچی کے گریڈ 16 کے دو اپریزنگ افسران معطل ،محکمانہ کارروائی شروع ، کسٹمز افسران کو نئی تعیناتیوں پر رپورٹ کرنے کی ہدایت ، ان فیصلوں میں دو افسران کو فوری طور پر معطل جبکہ متعدد افسران کو موجودہ تعیناتی سے سبکدوش کر کے نئی جگہوں پر رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پہلے نوٹیفکیشن نمبر 1318-C-III/2025 کے تحت فسیح الدین، اپریزننگ آفیسر (بی ایس-16)، کلیکٹریٹ آف کسٹمز اپریزنمنٹ (ویسٹ)، کراچی کو سول سرونٹس (ایفیشینسی اینڈ ڈسپلن) رولز 2020 کے رول 5(1) کے تحت فوری طور پر معطل کر دیا گیا ۔ ان پر قواعد کے مطابق محکمانہ کارروائی مکمل ہونے تک معطلی برقرار رہے گی۔دوسرے نوٹیفکیشن نمبر 1319-C-III/2025 کے مطابق عطاالرحمن، اپریزننگ آفیسر (بی ایس-16)، کلیکٹریٹ آف کسٹمز اپریزنمنٹ (ایسٹ)، کراچی کو بھی سول سرونٹس (ایفیشینسی اینڈ ڈسپلن) رولز 2020 کے تحت فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ ان کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی مکمل ہونے تک معطلی کا حکم برقرار رکھا گیا ہے۔ تیسرے نوٹیفکیشن نمبر 1321-C-I/2025 کے مطابق تمام بی ایس-16 کسٹمز افسران، جن کی خدمات بورڈ کے نوٹیفکیشن نمبر 1248-C-III/2025 مؤرخہ 30 مئی 2025 کے تحت اٹیچ کی گئی تھیں (سوائے ان کے جنہوں نے پہلے ہی چارج چھوڑ دیا ہے) کو موجودہ تعیناتی سے سبکدوش کر کے فوری طور پر نئی تعیناتی کی جگہوں پر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان افسران کو مزید ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 16 جون کو صبح 9 بجے کسٹمز اکیڈمی آف پاکستان (CAP)، کراچی میں تربیت کے لیے بغیر کسی تاخیر کے رپورٹ کریں۔