اسلام آ باد (نمائندہ جنگ)وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نےکہا ہے کہ پاکستانی نوجوان افرادی قوت ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات کے دوران رانا مشہود احمد نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے سے متعلق مختلف جاری اقدامات پر وزیرِاعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی نوجوان افرادی قوت ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں،نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہترین مواقع فراہم کرکے با اختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے اور انہیں ملکی ترقی کے عمل میں متحرک شراکت دار بنانے کے لیے مزید منصوبے شروع کیے جائیں،انہوں نے کہا نوجوانوں کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ اور جدید ہنر و ٹیکنالوجی کی تربیت یقینی بنا رہے ہیں۔ دریںا ثنا وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سےمسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نےلاہور میںملاقات کی۔ خواجہ سعد رفیق نے عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعظم کو مبارک باد دی ۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ادھر وزیراعظم نے باجوڑ میں رکن قومی اسمبلی اور معاون خصوصی مبارک زیب خان کے گھر پر راکٹ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔وزیراعظم نے واقعے کی فوری تحقیقات اور حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔