کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایف آئی ایچ نیشنز کپ میں قومی ہاکی ٹیم بدھ کو مضبوط حریف نیوزی لینڈ کے خلاف قسمت آزمائے گی جو پول بی میں دو میچوں کے بعد چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے ، پاکستان دو میچوں کے بعد چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ منگل کو ایونٹ میں آرام کا دن تھا ۔ قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا ہے کہ ملائیشیا کے خلاف میچ ڈرا کھیلنے سے مشکل کا شکار ہوئے، نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کو جیت کر سیمی فائنل میں جانے کی پوزیشن میں ہوں گے، اس میچ میں جارحانہ انداز اختیار کریں گے، میچ اہم ہے،حکمت عملی دوران میچ بھی بدلتی رہے گی، کھلاڑی فٹ ہیں، مگر حریف کی فٹنس ، مہارت اور تجربے کا احساس ہے ، ہم نئی منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں جائیں گے۔