کراچی( نیوز ڈیسک) امریکی صدر ٹرمپ اور پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تاریخی ملاقات کے بعد اوراس سےکچھ دیر قبل ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں دوالگ مواقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت دوبڑی ایٹمی طاقتیں ہیں اور مودی اور فیلڈ مارشل اسمارٹ ( ہوشیار) افراد ہیں جنہوں نے یہ فیصلہ کیا کہ وہ اس جنگ کو نہیں بڑھائیں گے۔ پاک بھارت جنگ روکنے پر شکریہ ادا کرنے کیلئے مدعو کیا، پاکستان کے آرمی چیف ملک کی بااثر شخصیت ہیں، پاک بھارت کشیدگی روکنے میں پاکستان کی طرف سے جنرل عاصم کا کردار انتہائی مؤثر رہا۔ظہرانے پر ہونے والی ملاقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سے ملاقات میرے لیے اعزاز ہے۔ اس دوران جب ان سے سوال پوچھا گیا کہ کیا فیلڈ مارشل سے ایران کے حوالے سے کوئی گفتگو بھی ہوئی تو ان کا جواب تھا کہ ’’دیکھیں، وہ (پاکستانی فیلڈ مارشل) ایران کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں، دوسروں سے بہتر، اور وہ کسی چیز سے خوش نہیں ہیں۔ یہ نہیں کہ وہ اسرائیل کے ساتھ خراب تعلقات رکھتے ہیں، وہ دونوں کو جانتے ہیں، لیکن وہ ایران کو زیادہ بہتر جانتے ہیں۔ وہ (فوجی سربراہ جنرل عاصم منیر) مجھ سے متفق تھے۔ میں نے انہیں یہاں بلانے کی وجہ یہی تھی کہ میں ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا تھا کہ انہوں نے جنگ میں داخل ہونے سے گریز کیا۔ اور میں وزیر اعظم مودی کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جو چند روز قبل یہاں سے گئے ہیں۔ ہم بھارت اور پاکستان کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے پر کام کر رہے ہیں۔ یہ دونوں بہت ذہین افراد (جنرل عاصم منیر اور مودی) نے یہ فیصلہ کیا کہ وہ اس جنگ کو آگے نہیں بڑھائیں گے جو ایٹمی جنگ بن سکتی تھی۔ پاکستان اور بھارت دو بڑے جوہری طاقتیں ہیں۔ اس لیے میں آج ان سے (جنرل عاصم منیر) ملاقات کر کے خود کو معزز محسوس کر رہا ہوں۔"قبل ازیںامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ بندی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کردار اہم رہا ، پاکستان کے آرمی چیف ملک کی بااثر شخصیت ہیں ، پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے ، وہاں کے لوگوں کو پسند کرتا ہوں ۔وائٹ ہاؤس میں بات کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافی کی جانب سے پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے حوالے سے پوچھا گیا تو ٹرمپ نے کہا کہ ’میں نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ روکی ہے۔‘ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’مجھے پاکستان سے پیار ہے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ روکی۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ’وہ (پاکستان، انڈیا) ایک دوسرے سے لڑ رہے تھے اور وہ دونوں جوہری ممالک ہیں۔ میں نے اسے رکوایا۔‘ڈونلڈ ٹرمپ نے نریندر مودی کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ ’میرے خیال میں مودی ایک لاجواب شخص ہیں۔ میں نے کل رات ان سے بات کی۔‘انہوں نے کہا کہ ’ہم انڈیا کے مودی کے ساتھ ایک تجارتی معاہدہ کرنے جا رہے ہیں۔