• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہار بھی راستہ نہ روک سکی، پاکستان نیشنز کپ ہاکی کے سیمی فائنل میں داخل

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایف آئی ایچ نیشنز کپ میں پاکستان نے پوائنٹس ٹیبل پر گول اوسط کی بنیاد پر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جہاں اس کا مقابلہ جمعے کو فرانس سے ہوگا۔ جمعے کو دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ اور کوریا مد مقابل ہوں گے۔ بدھ کو اپنے پول کے آخری میچ میں قومی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف سخت اور دل چسپ مقابلے کے بعد4-3 سے ناکام ہوگئی تھی لیکن یہ ہار راستہ نہ روک سکی۔ نیوزی لینڈ کے اسکاٹ کولسٹ نے ہیٹ کرکے گرین شرٹس کو یقینی فتح سے دور کیا۔ پاکستان اور ملائیشیا کے پوائنٹس چار چار برابر ہیں تاہم پاکستان نے مجموعی طور پر 9 گول کیے، ملائیشیا کے مجموعی گول کی تعداد 8 رہی۔ پاکستان نے تین میچوں میں ایک میں شکست، ایک میں کامیابی حاصل کی، ملائیشیا کے خلاف میچ برابر رہا۔ بدھ کو ملائیشیا نے جاپان کو 2-1 سے ہرایا، اس کے بعد تین میچوں میں چار پوائنٹس تھے، تاہم گول اوسط پر پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی مل گئی، بدھ کو فرانس اور ویلز کا میچ دو، دو گول سے برابر رہا، نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستانی کھلاڑیوں نے دو یقینی گول ضائع کئے جس کی وجہ سے وہ فتح سے محروم رہی۔ پہلے کوارٹر میں2-1کی سبقت کے باوجود قومی ٹیم کھیل کے اختتام پر جیت کے ساتھ میدان سے واپس نہ آسکی ، پاکستان کی جانب سے ابتدائی دو گول یکے بعد دیگرے 13ویں اور 14ویں منٹ میں عبدالرحمن نے اسکور کئے۔ 28 ویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے پاکستان کی جانب سے تیسرا گول سکور کیا۔ 43ویں اور 45ویں منٹ میں اسکاٹ کولسٹ نے مسلسل 2 گول داغ کر پاکستان کے کیمپ میں ہلچل مچادی، چوتھے کوارٹر میں اسکاٹ کولسٹ نے میچ کا تیسرا گول کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے پاکستان کی برتری کا خاتمہ کردیا، اسی کوارٹر میں نائس ووڈ نے نیوزی لینڈ کی جانب سے چوتھا گول بناکر اپنی ٹیم کو برتری دلادی جو کھیل کے خاتمے تک جاری رہی، پاکستان نے اس سے قبل2022 میں اس ایونٹ میں ساتویں اور2024میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

اسپورٹس سے مزید