اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی برآمدات میں صنعت مرکزی حیثیت رکھتی ہے،صنعتوں کی ترقی کے ذریعے برآمدات پر مبنی معیشت، ملکی صنعتوں کو عالمی معیار کے مطابق افرادی قوت اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہماری اولین ترجیح ہے،ٹیرف ریشنلائزیشن پالیسی کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔وزیر اعظم نے ان خیا لات کا اظہار گزشتہ روز اپنی زیر صدارت ملکی صنعتوں کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس کے دوران کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ غیر یقینی صنعتی پالیسیاں صنعتوں کے فروغ میں حائل رہی ہیں، ہم ایک مؤثر پالیسی کی بدولت صنعتی ترقی کو نئی بلندیوں پر لے کر جائیں گے، حالیہ معاشی پالیسیاں ملکی صنعتوں کی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دی گئی ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ صنعتی پیداوار میں اضافے اور صنعتوں کو درپیش مسائل کے پائیدار حل کے لیے صنعتی پالیسی کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔اجلاس میں وزیراعظم کو ملکی صنعتوں کی ترقی کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔