• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان امن کیلئے کردار ادا کرتا رہے، مل کر کام کریں گے، امریکی وزیر خارجہ، مشرق وسطیٰ میں امن مذاکرات سے ہی ممکن، وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیونے پاکستان کے بھارت کے ساتھ جنگ بندی مفاہمت کو برقرار رکھنے کے عزم کے ساتھ ساتھ خطے میں امن کے لئے اس کی مسلسل کوششوں کو سراہااورکہاکہ اسلام آباد ایران کے ساتھ جاری امن کوششوں میں اپنا کردار ادا کرتا رہے‘ امریکا علاقائی اور عالمی امن اور استحکام کے فروغ کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہے‘مارکو روبیو نےتمام خطرات سے نمٹنے کے لئے پاکستان کو امریکا کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین بھی دلایاجبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایران اور اسرائیل کے درمیان سنگین بحران کے پرامن حل کیلئے بات چیت اور سفارتکاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن واستحکام مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے ‘پاکستان موجودہ صورتحال میں امن کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے‘ مشرق وسطیٰ کی صورتحال نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کیلئے تشویش ناک ہے، پاکستان اور امریکہ کو تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مل کر کام کرنا چاہئے ‘اس موقع پر وزیراعظم اور امریکی وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان عملی اقدامات پر بھی اتفاق کیا۔ جمعہ کی شام امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے پاکستان کے بارے میں مثبت بیانات جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لئے سب سے زیادہ حوصلہ افزا ء ہیں جو پاکستان اور بھارت کے درمیان بامعنی مذاکرات کے آغاز سے ہی ممکن ہو سکتا ہے۔اس تناظر میں انہوں نے جموں و کشمیر، سندھ طاس معاہدہ، تجارت اور انسداد دہشت گردی سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر بھارت کے ساتھ بات چیت کے لئے پاکستان کی آمادگی کا اعادہ کیا۔اس موقع پر مشرق وسطیٰ کی صورتحال بالخصوص ایران اسرائیل بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان موجودہ صورتحال میں امن کے لئے کسی بھی کوشش میں تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے ۔


اہم خبریں سے مزید