کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیشنز کپ کے سیمی فائنل میں پاکستانی شاہینوں کے شوٹ آؤٹ نے فرنچ ہاکی ’’رفال ‘‘ تباہ کردیا۔ گرین شرٹس نے قومی ہاکی کے افق پر چھائے اندھیرے کو دور کرنے کی کامیاب کوشش کرتے ہوئے جمعے کو ایف آئی ایچ نیشنز کپ کے سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد مضبوط حریف فرانس کو پنالٹی شوٹ آ ؤٹ پر شکست دے کر فائنل میں کوالیفائی کرلیا۔ دوسرے سیمی فائنل کا فیصلہ بھی پنالٹی شوٹ آ ؤٹ پر ہوا جس میں نیوزی لینڈ نے کوریا کو4-3 سے شکست دی۔ مقررہ وقت تک میچ2-2 گول سے برابر تھا، فائنل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہفتے کو ہوگا۔ گروپ میچ میں پاکستان کو نیوزی لینڈ سے 4-3سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم پرو ہاکی لیگ میں رسائی کی حقدار ٹھہرے گی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف ،پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی، پی ایچ ایف کے صدر طارق بگٹی، سکریٹری رانا مجاہد علی خان ، کھیلوں کے مشیر رانا ثناء اللہ نے قومی ٹیم کو جیت پر مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم قوم کو خوشی دینے میں کامیاب ہوگی۔ جمعے کو ملائیشیا کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں پاکستان اور فرانس کا میچ مقررہ وقت تک 3-3 سے برابر رہا، قومی کھلاڑیوں کے درمیان ہم آہنگی اور گیند پر کنٹرول مثالی دکھائی دیا، انہوں نے چھوٹے پاسز سے مخالف کو پریشان رکھا، پاکستانی ٹیم نے ابتدائی دو کوارٹرز میں 2 گول کے خسارے کے باوجود تیسرے کوارٹر میں کم بیک کرتے ہوئے 3 گول اسکور کئے، پہلے کوارٹر میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی۔ دوسرے کوارٹر کے 10ویں منٹ میں فرانس کیلئے ای زیویئر نے گول اسکور کیا۔ تیسرے کوارٹر کے 5ویں منٹ میں وکٹور نے ایک اور گول داغ کر برتری 0-2 کردی، 3 منٹ بعد رانا وحید اشرف نے پاکستان کیلئے پہلا گول اسکور کیا۔ بعدازاں تیسرے کوارٹر کے 12ویں منٹ میں پنالٹی پر سفیان مقیم اور 13ویں منٹ میں رانا وحید نے میچ میں اپنا دوسرا گول اسکور کرکے ٹیم کو 2-3 کی برتری دلادی۔ چوتھے کوارٹر میں فرانس کی ٹیم وکٹور کے گول کی مدد سے پاکستانی کی برتری کو برابر کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ بعد میں پنالٹی شوٹ آ وٹ پر پاکستان نے تین اور فرانس نے دو گول اسکور کئے۔ مین آف دی میچ رانا وحید اشرف قرار پائے۔ جمعے کو کھیلے گئے پوزیشن کے میچوں میں ملائیشیا نے جنوبی افریقا کو4-2 اور ویلز نے جاپان کو6-4 سے شکست دی۔