راولپنڈی (نمائندہ جنگ )آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی کشیدگی کو کم کرنے اور تعاون پر مبنی سکیورٹی فریم ورک کے فروغ میں ذمہ دارانہ اور فعال کردار اداکرتا رہے گا‘پاکستان عالمی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ صف اول پر رہا ہے‘بعض علاقائی عناصر دہشت گردی کو ہائبرڈوار فیئرکے طور پر استعمال کرتے ہوئے بدامنی کاباعث بن رہے ہیں ۔جمعہ کوآئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق امریکا کے سرکاری دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واشنگٹن ڈی سی میں اعلیٰ امریکی سکالرز، تجزیہ کاروں، پالیسی ماہرین اور بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔فیلڈ مارشل نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کیا، فیلڈ مارشل نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی تفصیلات اور تجزیے پر روشنی ڈالی۔فیلڈ مارشل نے دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کا موقف بیان کیا اور علاقائی عناصر کے ہائبرڈ وارفیئر کے تحت دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے منفی کردار کا ذکر کیا، ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے دیرینہ تعلقات کا جائزہ بھی شامل تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مشترکہ اسٹریٹجک مفادات اور اقتصادی تعاون پر مبنی وسیع تعلقات پر زور دیا، علاقائی اور عالمی تنازعات کے حوالے سے پاکستانی نقطہ نظر کی بھی وضاحت کی۔فیلڈ مارشل نے دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی، علاقائی سلامتی اور اقتصادی ترقی جیسے شعبوں میں تعاون پر زور دیا۔