حیدرآباد(بیورورپورٹ)حیدرآباد میں شدید گرمی میں بجلی کی عدم فراہمی پر شہری سڑکوں پر نکل آئے حیسکو کے خلاف احتجاج سڑک بند کرکے ٹائر نزرآتش کئے۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں شاہ فیصل کالونی کچا قلعہ کے مکینوں نے گل سینٹر چوک پر احتجاج کیا اور رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک بند کردی جبکہ مظاہرین نے پتھراو کیا اور ٹائر بھی نذر آتش کئے۔ مظاہرین میں خواتین بچے بھی شامل تھے۔مظاہرین نے حیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔مظاہرین کا کہنا تھا حیدرآباد اور گردونواح کے علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اسکے باوجود حیسکو نے عوام جینا دوبھر کردیا ہے۔گذشتہ ایک ہفتے سے بجلی معطل ہے ٹرانسفارمر خراب ہے اور شکایت کرنے پر حیسکو عملہ مرمت کے نام پر رشوت طلب کررہا ہے جبکہ علاقے کے ایم این اے۔ایم پی اے نے بھی چشم پوشی اختیار کررکھی ہے۔بجلی کی عدم فراہمی سے بچے بلبلا اٹھے ہیں جبکہ پینے کے پانی کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے انھوں وفاقی وزیر پانی و بجلی سے مطالبہ کیا کہ حیسکو کی بھتہ خوری کا نوٹس لیں۔واضح رہے کہ حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں لائٹ نہ ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر میں طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کیا ہوا ہے، ایک طر گرمی کی شدت اور دوسری جانب بجلی کی طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہری اذیت سے دوچار ہیں۔