اسلام آباد/لاہور(ایجنسیاں)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ایران پر امریکا کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آج ملک بھرمیں یوم احتجاج منانے کا اعلان کردیا اورکہاکہ ایران پر امریکی جارحیت دنیا کا امن تباہ کرنے کے مترادف ہے‘ اسرائیل کی پشت پناہی کے بعد اب واشنگٹن کھل کر سامنے آگیا ہے‘حکمراں انجمن غلامان امریکا ہیں ‘ ہمیں امریکا سے اور امریکہ کے غلاموں سے بھی آزاد ہونا ہوگا‘ وہ قومی مجرم ہیں جنہوں نے فارم 47والے ہم پر مسلط کیے ہیں‘ حق حکمرانی عوام کا حق ہے چند لوگوں کا حق نہیں ریاست کا مطلب فوجی جرنیل نہیں عدلیہ نہیں اس کا مطلب عوام ہے‘ عوام کے مرضی کے لوگوں کو اقتدار ملنا چاہیے‘ پاکستان میں78سال ہوگئے ہیں ایک مخصوص طبقہ پاکستان پر حکمرانی کر رہاہے جو زراعت کو ترقی نہیں دیتے مگر زراعت پر قبضہ کیا ہوا ہے‘ پاکستان چند لوگوں کا نہیں کہ ان کی وجہ سے پاکستان سے مایوس ہوجائیں‘ پاکستان کو چند لوگوں سے آزاد کرانا ہے‘ یہ ہمارا پاکستان ہے یہ کسی حکمران، فوج یا ادارے کا نہیں ہے۔ اپنے بیان میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ امریکی جارحیت دنیا کا امن تباہ کرنے کے مترادف ہے۔امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیوں کے خلاف مسلم امہ کو متحد ہونا ہوگا۔ دریں اثنا جماعت اسلامی ایران پر ہونے والی امریکی جارحیت اور بمباری کے خلاف ملک بھر میں آج (پیر کو) یوم احتجاج منائے گی۔علاوہ ازیں یوتھ ڈیجیٹل سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن کا کہناتھاکہ مسلم ممالک کی 88لاکھ فوج کی موجودگی میں غزہ میں بچے شہید ہورہے ہیں‘ امریکا ہمارا دوست نہیں ہو سکتا‘ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ فلسطینیوں کے لیے جو آواز اٹھارہے ہیں ان کا ساتھ دیں ‘اس پر نظر رکھیں کہ کوئی ہمیں دوبارہ فروخت نہ کردے۔ حافظ نعیم الرحمن نے ریڈ مودودی ایپ کا افتتاح کردیا۔ ایپ پر سید مودودی سے متعلق مواد اور ان کی تحریریں موجود ہونگی۔امیرجماعت اسلامی نے مزیدکہاکہ حماس کی جدوجہد عالمی قوانین کے مطابق ہے۔