لاہور(آصف محمود بٹ ) برطانیہ نے پاکستان کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اس ضمن میں برطانوی وزیرِ اعظم کے پاکستان کیلئے خصوصی نمائندہ برائے تجارت اور برطانوی رکن پارلیمنٹ محمد یٰسین نے کراچی اور اسلام آباد کا تین روزہ اہم دورہ شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دیرپا اقتصادی شراکت داری اور تجارتی روابط کو فروغ دینا ہے۔ وہ اپنے دورہ پاکستان کے دوران وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین اور سیکریٹری کامرس جواد پال سمیت دیگر اہم حکومتی عہدیداران سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، پائیدار ترقی کے مواقع تلاش کرنے اور تجارتی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر بات چیت کی جائے گی۔کراچی اور اسلام آباد میں معروف کاروباری شخصیات سے بھی ان کی ملاقاتیں شیڈول ہیں، جن میں دوطرفہ سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں، اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے پر گفتگو ہوگی۔ دورے سے قبل اپنے بیان میں برطانوی حکومت کے خصوصی نمائندہ برائے تجارت محمد یٰسین ایم پی نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی روابط پہلے ہی گہرے ہیں، لیکن ہم اس میں مزید اضافہ کر سکتے ہیں۔