کراچی (اسٹاف رپورٹر) شارع نور جہاں پولیس نے مبینہ طور پر کٹی پہاڑی کے قریب منشیات فروش عباس آفریدی کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں پولیس کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ، منشیات فروشوں کی جانب سے کیے گئے پتھراؤ سے ایس ایچ او سمیت دیگر پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ، پولیس نے منشیات فروشوں کے 2 سہولت کار پولیس اہلکاروں سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر کے منشیات برآمد کرلی جبکہ 3 ملزمان موقع سے فرار ہوگئے اس حوالے سے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر عمران خان نے بتایا کہ منشیات فروشوں سمیت دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ایس ایچ او شارع نور جہاں سرفراز کمانڈو نے پولیس پارٹی کے ہمراہ نارتھ ناظم آباد بلاکR کٹی پہاڑی کے قریب بدنام منشیات فروش عباس آفریدی کے گھر میں منشیات فروشوں کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کی گئی جبکہ عباس آفریدی اس وقت منشیات کے کیس میں جیل میں ہے۔