کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد قتل کیس ایک بار پھر کھل گیا ، ایم کیو ایم کے منہاج قاضی کے خلاف استغاثہ کی اپیل سماعت کے لئے منظور ہو گئی۔ جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو سابق ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد کے قتل کیس میں منہاج قاضی کی بریت کے خلاف پراسیکیوشن کی اپیل کی سماعت ہوئی۔ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر رانا خالد نے کہا کہ مقدمے میں شریک ملزم صولت مرزا کو سزائے موت دی جاچکی ہے۔ ملزم منہاج قاضی بیرون ملک فرار ہوگیا تھا اور واپسی پر گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزم نے 164 کے تحت اعترافی بیان بھی ریکارڈ کروایا تھا۔ ٹرائل کورٹ نے شواہد کو نظر انداز کرتے ہوئے ملزم کو بری کردیا تھا۔ عدالت نے پراسیکیوشن کی اپیل سماعت کے لئے منظور کرلی۔