• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران پر امریکی حملے کیخلاف جماعت اسلامی سندھ کے زیراہتمام کراچی سے کشمور تک احتجاج

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی کال پر جماعت اسلامی سندھ کی جانب سے ایران پر امریکی حملے کے خلاف کراچی سے کشمور تک سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ممتاز حسین سہتو نے سیٹھارجہ میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج امت مسلمہ کے ایمان کے امتحان کا وقت ہے کیونکہ یہ جنگ اسرائیل اور ایران کی نہیں بلکہ کفر اور اسلام کی جنگ ہے، پوری پاکستانی قوم اس جنگ میں ایران کے ساتھ کھڑی ہے۔جماعت اسلامی سندھ کے ترجمان مجاہدچنا کے مطابق احتجاجی مظاہروں کو جماعت اسلامی کے مرکزی، صوبائی اور مقامی رہنماؤں سمیت مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہروں کے شرکاء امریکہ کا جو یار ہے، غدار ہے، غدار ہے، امریکہ کا ایک علاج الجہاد الجہاد، ایران سے رشتہ ہے کیا لاالہ اللہ کے فلگ شگاف نعرے لگا رہے تھے۔۔ سکھر پریس کلب پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا حزب اللہ جکھرو اور امان اللہ تنیو نے کہا کہ ایران پر امریکی حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ ٹرمپ اور نیتن یاہو جنگی جرائم اور غزہ کے مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی میں ملوث ہیں ان کے خلاف عالمی عدالت میں کارروائی ہونی چاہیے۔ لاڑکانہ میں جناح باغ سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی کو ضلعی امیر ایڈووکیٹ نادرعلی کوسو، مقامی امیر رمیز راجہ شیخ اور غلام عباس ڈاھانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری امت کو متحد ہو کر سامراجی قوتوں کا مقابلہ کرنا چاہیے،۔ ٹھٹھہ پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے سے ضلعی امیر ایڈووکیٹ عبدالمجید سموں، مقامی کونسلر محرم علی خاصخیلی نے خطاب کیا۔ دادو میں ضلعی رہنما محمد موسیٰ ببر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، کندھ کوٹ پریس کلب پر منعقدہ مظاہرے سے حفیظ اللہ گولو، مولانا رفیع الدین چنا نے خطاب کیا ۔
اہم خبریں سے مزید