• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہانیہ عامر اور دلجیت کی فلم ’’سردار جی 3‘‘ پر بھارت میں پابندی

کراچی( رپورٹ/ اختر علی اختر)عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ نے ہانیہ عامر کی شمولیت کے ساتھ اپنی نئی ریلیز ہونے والی پنجابی فلم ’’سردار جی 3‘‘ کا ٹریلر جاری کر کے سوشل میڈیا پر دُھوم مچادی۔ پاکستانی ڈمپل کوئین ہانیہ عامر ’’سردار جی 3‘‘ کا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی بھارتی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سپرنیچرل کامیڈی سردار جی 3 مبینہ طور پر پاکستانی فنکاروں کی شمولیت کی وجہ سے مخالفت کا سامنا کر رہی ہےجبکہ فلم میں پاکستانی اداکارہ کو کاسٹ کرنے پر فلم کے ہیرودل جیت دوسانجھ اورپرڈیوسرز پر انڈیا میں کام کرنے پر پابندی لگانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ۔رپورٹس کے مطابق، فلم میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی کاسٹنگ اور اپریل 2025کے پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال کے باعث سردار جی 3 کو بھارت میں ریلیز نہیں کیا جائے گاتاہم یہ فلم عالمی سطح پر سینماگھروں کی زینت بنے گی ۔ فلم کا ٹریلر بھی انڈیا میں یوٹیوب صارفین کیلئے بلاک کردیاگیاہے ۔ پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی ’’سردار جی 3‘‘ میں شمولیت کے حوالے سے کافی عرصے سے قیاس آرائیاں جاری تھیں تاہم اس بارے میں باضابطہ طور پر کچھ بھی اب تک سامنے نہیں آیا تھا۔ یہ سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب دلجیت دوسانجھ نے اپنے لندن کنسرٹ میں ہانیہ عامر کو اسٹیج پر مدعو کیا، جس کے بعد دونوں کے مداحوں میں ان کے ایک ساتھ کام کرنے کی امید بڑھ گئی تھی اور کچھ میڈیا رپورٹس نے دعویٰ کیا تھا کہ ہانیہ عامر دلجیت کی فلم سے اپنا بھارتی ڈیبیو کر رہی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید