کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کےنواحی علاقوں میں پانی کا بحران جوں کا توں، شہری بلبلا اٹھے، ٹینکر مافیا کے وارے نیارے ،تفصیلات کے مطابق شہر کے نواحی علاقوں پشتون آباد، سیٹلائٹ ٹائون ، ہدہ، تاجک آباد، کلی فیض آباد، کلی برات زئی، خروٹ آباد، نواں کلی،چشمہ اچوزئی ،بروری روڈ،سبزل روڈ،قمبرانی روڈ وگردو نواح کے مختلف علاقوں میں آبنوشی کا بحران بدستور برقرار ہے شہری گرم موسم میں پانی کی تلاش میں دربدر کی ٹھوکریں کھاتے رہتے ہیں لیکن متعلقہ حکام کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی مذکورہ علاقوں کی اکثریت آبادی غریب اور متوسط طبقےسے تعلق رکھتی ہے جو روزانہ ٹینکر ڈلوانے کی استطاعت نہیں رکھتےعلاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کی توجہ اس جانب مبذول کرائی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی انہوں نے کہا کہ ٹینکر مافیا نے بھی غریب عوام کو مہنگے داموں پانی فروخت کرکے دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار شروع کر دی ہے انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور مذکورہ علاقوں میں پانی کی سپلائی یقینی بنائی جائے۔