• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ بندی کے لیے قطر کا اہم کردار، امریکی صدر نے ثالثی کے لیے درخواست کی تھی، قطری وزیراعظم

کراچی، تہران (نیوز ڈیسک، اے ایف پی) ایران اور اسرائیل کے درمیان12روز تک جاری جنگ کے بعد ایران میں فتح کا جشن ، ہزاروں شہری قومی پرچم لہراتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے فتح کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی طرف سے جنگ بند کردی گئی ہے، جنگ بندی پر عملدرآمد ہوتے ہی اسرائیل میں بھی شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا ، دوسری جانب اسرائیل اور ایران کےدرمیان جنگ بندی کیلئے ثالثی میں قطر نے اہم کردار ادا کیا، قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم آل ثانی نے کہا ہے کہ امریکی صدر نے ان سے ثالثی کیلئے درخواست کی تھی، جس کے بعد ایران کی اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے لئے کوشش کی۔ اسرائیل خطے میں عدم استحکام کا ذمہ دار ہے، ہم خطے کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک بنانے کے خواہاں ہیں۔ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ وہ مذاکرات کیلئے تیار ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کردہ جنگ بندی کا احترام کریں گے، تاہم شرط یہ ہے کہ اسرائیل بھی اس کے نکات کی پابندی کرے۔سعودی عرب اور یورپی یونین سمیت عالمی برادری نے جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے جبکہ روس اورچین نے امید ظاہر کیا ہے کہ سیز فائر پائیدار ہوگی ، جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں بھی جنگ بندی کا مطالبہ کردیا ہے ۔خلیج تعاون کونسل نے دوحہ میں امریکی اڈے پر ایرانی میزائل حملے کی مذمت کی ، کونسل نے غزہ میں بھی جنگ بندی کا مطالبہ کردیا ہے، برطانیہ، جرمنی اور فرانس نے ایک بار پھر ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مذاکرات کی میز پر واپس آئے۔ قبل ازیں جنگ بندی معاہدے پر نفاذ سے چند لمحے قبل بھی بمباری اور میزائل حملوں کا تبادلہ جاری رہا ۔

اہم خبریں سے مزید