• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف جمعرات سے ایکو سربراہ اجلاس میں شرکت کرینگے، اہم علاقائی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہونگیں

اسلام آباد (محمد صالح ظافر) وزیرِاعظم شہباز شریف رواں ہفتے آذربائیجان کے شہر خانکندی، کراباخ میں ہونے والے 17ویں اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے سربراہی اجلاس میں پاکستان کے وفد کی قیادت کریں گے۔ یہ اجلاس یکم جولائی سے شروع ہوگا، جبکہ وزیراعظم تین جولائی کو باضابطہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف اجلاس کے موقع پر ترکی کے صدر رجب طیب اردوان، ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان اور دیگر علاقائی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ یہ ملاقاتیں ایسے موقع پر ہو رہی ہیں جب اسرائیل کے ایران پر حالیہ حملے کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھی ہے، اور رہنما موجودہ صورتحال پر غیر رسمی مشاورت کریں گے۔پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چند وفاقی وزرا اور سرکردہ کاروباری شخصیات شامل ہوں گی۔ دو روزہ اجلاس کے دوران اقتصادی روابط، ٹرانسپورٹ کوریڈورز، سرمایہ کاری اور حکومتی تعاون جیسے موضوعات زیر غور آئیں گے۔یہ تیسرا موقع ہے کہ آذربائیجان ای سی او اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ رواں برس اجلاس ایک ایسے خوبصورت شہر میں ہو رہا ہے جو دو سال قبل آرمینیا سے آزاد کرایا گیا تھا۔ اجلاس سے قبل ای سی او ویک کے دوران نوجوانوں، خواتین اور کاروباری شخصیات کے فورمز بھی منعقد کیے جائیں گے، جبکہ تین جولائی کو ای سی او بزنس سمٹ بھی ہوگا جس میں ہر رکن ملک سے 10 تا 15 ممتاز کمپنیوں کی شرکت متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق ای سی او کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ریاض مجید خان، جو پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ رہ چکے ہیں، پہلے ہی باکو پہنچ چکے ہیں تاکہ اجلاس کی قیادت کر سکیں۔
اہم خبریں سے مزید