• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بارش، سڑکوں پر پانی جمع، 350 فیڈر بند، نکاسی آب متاثر، سڑکیں بیٹھ گئیں، ٹریفک متاثر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ہفتہ کوبھی مختلف علاقوں میں ہلکی و تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا، بارش کے بعد کے الیکٹرک کے 350 سے زائد فیڈرز بند ہوگئے جسکی وجہ سے متعدد علاقوں میں بجلی بند ہوگئی، بارش کے باعث بیشتر علاقوں میں نالے ابل پڑے، نکاسی آب کا نظام بہتر نہ ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جبکہ کئی مقامات پر سڑکیں بیٹھ گئیں جسکے باعث بیشتر مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، سڑکوں کی ابتر صورتحال کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، گلشن معمار میں 23،سرجانی ٹاؤن 22،سعدی ٹائون 17، ناظم آباد 8.2، جناح ٹرمینل 6،کورنگی 4.4 ، کیماڑی 2.5 میں ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارشوں کے باعث کراچی سے اندرون ملک جانے اور آنے والی متعدد ریل گاڑیاں تاخیر کا شکارر ہیں، محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جبکہ اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے، لیاری کے کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق طاقتور مون سون ہوائیں سندھ پر اثرانداز ہیں۔ ہفتے کو کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ شارع فیصل، کارساز نرسری، میٹروپول، صدر اور آئی آئی چندریگر روڈ پر تیز بارش ہوئی ہے ۔صبح 11 بجےکے بعد نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گلبہار، گرومندر اور گارڈن میں تیز بارش ہوئی۔ بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ بارش کے باعث کئی علاقوں میں سڑکوں کی خراب صورتحال کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا، شہریوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا، شہریوں کی گاڑیاں اور موٹر سائیکل بھی خراب ہوئیں جس سے انہیں کو شدید کوفت و پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی میں سب سے زیادہ بارش گلشن معمار میں 23 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔سعدی ٹاون میں 17، گلشن حدید میں 3 ، یونیورسٹی روڈ پر 11 ملی میٹر، پی اے ایف فیصل بیس 9 ، ناظم آباد 8.2، ائیرپورٹ اولڈ ایریا میں 3.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کورنگی میں4.4 اور سعدی ٹاؤن میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، سرجانی ٹاؤن میں 22 ، جناح ٹرمینل 6 اور کیماڑی 2.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔کراچی میں ایک اور مون سون سسٹم 5 یا 6 جولائی کو سندھ پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔ علاوہ ازیں بارش کے بعد کے الیکٹرک کے 350 سے زائد فیڈرز بند ہوگئے۔کراچی میں بارش کے باعث کے الیکٹرک کے 350 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوگئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ڈی ایچ اے، گلشن اقبال، گلستان جوہر، سرجانی ٹان، اورنگی اور بلدیہ ٹائون سمیت متعدد علاقوں میں بجلی منقطع ہوگئی۔کے الیکٹرک نے ابھی تک بہت سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کو مکمل طور پر بحال نہیں کیا جس سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ گزشتہ تین دنوں کے دوران شہر بھر میں 1110 سے زائد فیڈرز ٹڑپ کرگئے جس سے گلبہار، ناظم آباد، لانڈھی، کورنگی، سائٹ اور گڈاپ کے علاقے متاثر ہوئے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید