• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ کرکٹ پر چھائے بادل چھٹنے لگے، ستمبر میں ہونے کی امید، ممکنہ شیڈول سامنے آگیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک بھارت کشیدگی کے باعث ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ غیر یقینی صورتحال سے دوچار تھا لیکن اب ایسا لگ رہا ہے کہ بھارت لچک کا مظاہرہ کرکے ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا ۔ اس بارے میں حتمی فیصلہ جولائی کے پہلے ہفتے میں ہونے کا امکا ن ہے۔ ایشیا کپ2025 کے انعقاد پر چھائے غیریقینی کے بادل چھٹنے لگے، ٹی20 فارمیٹ میں کھیلے جانے والے ایونٹ کا ممکنہ شیڈول سامنے آگیا۔ایشیا کپ رواں برس ستمبر میں یو اے ای میں کرایا جائے گا ، جب کہ شیڈول کا حتمی اعلان جولائی کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شیڈول کو حتمی شکل دینے کے لئے ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس آئندہ ہفتے ہوگا۔ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے مثبت اشارے ملنے لگے ۔ بھارتی میڈیا جو کچھ عرصہ قبل یہ دعوی کررہا تھا کہ بھارت ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرے گا ۔ اب کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بھارت کا پاکستان کے ساتھ کھیلنے کی پالیسی میں نرم اور لچک دار رویہ برقرار ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی ہیں ۔ مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کے بعد خبریں سامنے آئی تھیں کہ بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے اس سال شیڈول ایشیا کپ نہ ہونے کا امکان ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے مینز ایشیا کپ اور ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔ لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ ان خبروں کی تردید کرتا رہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بار ایشیا کپ کا انعقاد ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت ہورہا ہے۔ ایونٹ بھارت کی میزبانی میں 12 سے 28ستمبر تک منعقد ہوگا، ایشیا کپ2025 یو اے ای کے میدانوں میں منعقد ہوگا۔ بھارت ٹورنامنٹ کا میزبان ہے لیکن پاکستانی ٹیم بھارت نہیں جائے گی اس لئے ایشیا کپ کو نیو ٹرل مقام پر ہوگا۔ بھارت نے اس سال خواتین کے ورلڈ کپ کی میزبانی کرنا ہے جس میں پاکستان کے میچ سری لنکا میں ہوں گے اگلے سال بھارت اور سری لنکا مشترکہ طور پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے۔(کھیلوں کی مزید خبریں صفحہ 5پر )