اسلام آباد ( نیو زرپورٹر،خصوصی نامہ نگار)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج ہم بین الاقوامی یومِ پارلیمان مناتے ہوئے اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ جمہوریت، آزادی، شمولیت، رواداری اور معاشی و سماجی انصاف کے اصولوں پر کاربند رہیں گے۔ بین الاقوامی یومِ پارلیمان جو (کل)پیر کو منایا جا رہا ہے کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پارلیمان عوام کی خود مختار نمائندہ اور آئینی اقدار کی نگہبان ہوتی ہے۔ یہ قومی پالیسی کی تشکیل، شفافیت و جوابدہی کو یقینی بنانے اور تمام شہریوں کے بنیادی حقوق و آزادیوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ ہمارے جمہوری نظام میں مرکزی مقام رکھتی ہے ، آئیے، آج کے دن ، ہم پارلیمانی اداروں کو مضبوط کرنے، جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں، اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ قانون سازی کے عمل میں شہریوں کی آواز کی صحیح معنوں میں عکاسی ہو۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عالمی یوم پارلیمنٹرینز کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پارلیمان کے کلیدی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمان کی بالادستی جمہوری نظام کے استحکام کی ضامن ہے۔