• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’کرکٹ کا گہرا علم‘ اظہر محمود ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر، بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز میں خدمات انجام دینگے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اظہر محمود کو عاقب جاوید کی جگہ جنوبی افریقا اور بنگلہ دیش کی سیریز کیلئے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کاقائم مقام ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔ امکان ہے کہ اس کے بعد مستقل ہیڈ کوچ مقرر کیا جائے گا۔ گذشتہ سات ماہ سے پاکستانی ٹیم مستقل ہیڈ کوچ سے محروم ہے۔ پی سی بی نے پیر کو اعلان کیا کہ اظہر محمود اپنے موجودہ معاہدے کے اختتام تک اس عہدے میں کام کریں گے۔ قومی ٹیم کے اسسٹنٹ ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دینے کے بعد، اظہر محمود طویل عرصے سے ٹیم کے اسٹریٹجک کور کا ایک اہم حصہ رہے ہیں۔ جیسن گلسپی نے دسمبر میں اچانک پاکستانی ٹیم کی کوچنگ چھوڑی دی تھی جس کے بعد عاقب جاوید کو یہ ذمے داری سونپی گئی تھی۔ پی سی بی نے کہاکہ ایک تجربہ کار، کرکٹ ذہن والے پچاس سالہ اظہر محمود نے قومی ٹیم کے اسسٹنٹ ہیڈ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں اور وہ طویل عرصے سے ٹیم کی حکمتِ عملی کا اہم حصہ رہے ہیں۔ کرکٹ کے بارے میں گہرا علم، بین الاقوامی سطح پر براہ راست تجربہ اور انگلش کاؤنٹی سرکٹ میں کامیابی انہیں اس عہدے کیلئے بہترین انتخاب بناتی ہے۔ ان کی ریڈ بال مہارت نے دو کاؤنٹی چیمپئن شپ ٹائٹل نے مزید نمایاں کیا ہے ۔ امید ہے کہ اظہر کی رہنمائی میں ٹیم عالمی سطح پر طاقت، نظم و ضبط اور کارکردگی کے لحاظ سے مزید ترقی کرے گی۔ واضح رہے کہ اظہر محمود اس سے قبل بھی پاکستان ٹیم کے لیے مختلف کوچنگ ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ وہ اپریل 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 5 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران ہیڈ کوچ تھے۔ وہ 2021کے بعد پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ساتویں ہیڈ کوچ ہیں، اس عرصے میں کوچنگ سیٹ اپ کا ڈھانچہ بھی تبدیل ہوا ہے ۔ مائیک ہیسن نے بنگلہ دیش کی سیریز میں انہیں اپنی ٹیم میں رکھنے سے گریز کیا تھا۔ سابق آل راؤنڈر نے 1996 سے 20سال کے عرصے میں 143ون ڈےانٹر نیشنل اور21ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ وہ 162بین الاقوامی وکٹوں اور تین سنچریوں کے ساتھ ریٹائر ہوئے۔ وہ دنیا بھر کے مختلف فارمیٹس اور مقابلوں میں کوچنگ کر چکے ہیں۔ گزشتہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں عاقب نے جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں عبوری طور پر ذمہ داری سنبھالی۔ اکتوبر 2024میں گیری کرسٹن کے استعفیٰ کے بعد، عاقب نے ایک بار پھر اپنے معاہدے کے چھ ماہ تک وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے کام کیا تھا جس کے بعد مائیک ہیسن کو اس عہدے پر تعینات کیا گیا ہے ۔ اظہرمحمود کی تقرری کی عبوری مدت میں پاکستانی ٹیم میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل شروع کرے گی۔ اس سے قبل تین سائیکل میں بھی پاکستان کی کارکردگی مثالی نہیں تھی۔ گذشتہ سائیکل میں پاکستان آخری نمبر پر رہا، 14 ٹیسٹ میں صرف پانچ جیت سکا، اسے بنگلہ دیش نے ہوم گرائونڈ پر شکست دی۔ سری لنکا سیریز کے بعد ان کی اگلی اسائنمنٹ انگلینڈ سے تین ٹیسٹ ہیں، یہ موجودہ ڈبلیو ٹی سی میں پاکستان کی واحد تین ٹیسٹ سیریز ہے اور 2020ے بعد پاکستان کا انگلینڈ کا پہلا ٹیسٹ دورہ ہوگا۔