• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI برطانیہ کے سابق عہدیدار نے جیو نیوز سے غیرمشروط معافی مانگ لی

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) برطانیہ کے سابق عہدیدار ریاض حسین نے جیو نیوز کے نمائندے کیخلاف ہتکِ عزت کے کیس میں عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی ہے اور قانونی اخراجات کی مد میں 40؍ ہزار پاؤنڈز ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔لندن ہائی کورٹ میں دائر اس مقدمے میں پی ٹی آئی برطانیہ کے تین سابق عہدیداروں کیخلاف کارروائی کی گئی تھی۔ تقریباً چار سال تک دفاعی موقف اختیار کرنے کے بعد ریاض حسین نے بالآخر تسلیم کر لیا کہ اُنہوں نے جیو نیوز کے صحافی مرتضیٰ علی شاہ کی ساکھ کو نقصان پہنچایا، اُن کیخلاف عائد کردہ الزامات بے بنیاد تھے، اور وہ ان سے دستبردار ہو گئے۔ اس فیصلے کے بعد ریاض حسین نے مقدمے سے علیحدگی اختیار کر لی ہے جبکہ اُن کے ساتھ کیس میں دو شریک مدعا علیہان محمد عمران (پی ٹی آئی نارتھ ویسٹ ریجن کے سابق صدر) اور شناز صدیق (شناز حسین، سابق جنرل سیکریٹری) اب بھی کیس کا سامنا کر رہے ہیں۔ریاض حسین، جو نارتھ ویسٹ ریجن کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری رہ چکے ہیں، نے عدالت میں معافی نامہ پڑھا اور اسے اپنے فیس بک اکائونٹ پر شائع بھی کیا۔ ریاض حسین کا کہنا تھا کہ میں اس بات کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہوں کہ الزامات غلط اور جھوٹے تھے، مرتضیٰ علی شاہ نے کبھی بھی اپنی صحافتی حیثیت کا غلط استعمال نہیں کیا اور نہ ہی جان بوجھ کر جھوٹ پھیلایا، میں اُن کی ساکھ کو پہنچنے والے شدید نقصان اور ان الزامات کے باعث ہونے والی اذیت، پریشانی اور شرمندگی پر غیر مشروط معافی مانگتا ہوں، میں ان کے قانونی اخراجات میں ایک خطیر رقم کی ادائیگی پر رضامند ہوں۔
اہم خبریں سے مزید