• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرم پانیوں تک رسائی، سینٹرل ایشیا اور روس تک پاکستان سے ریل و روڈ نیٹ ورک پر اتفاق

تیانجن(این این آئی) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور رشین فیڈریشن کے ڈپٹی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈری سرجیوچ نکیتن کی ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان سے ریل و روڈ نیٹ ورک اور تجارتی راہداریوں کے ذریعے وسط ایشیائی ریاستوں اور روس تک زمینی رابطوں کو فروغ دیا جائے جس کے لئے خطے میں مختلف ممالک کے مابین شاہرات کی تعمیر میں تیزی لائی جائے۔ اسی طرح سینٹرل ایشیا کو پاکستان کے راستے گرم پانیوں تک رسائی سے تجارتی سرگرمیوں کو بڑے پیمانے پر فروغ مل سکتا ہے۔ چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کی تین روزہ وزارتی کانفرنس کے موقع پر دونوں رہنماؤں کے مابین ہونے والی ملاقات میں روس اور پاکستان کے مابین دو طرفہ تعاون کو بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بتایا کہ پاکستان اپنے ذرائع مواصلات کو جدت سے روشناس کرا رہا ہے، ڈیجیٹلائزیشن اور شاہرات پر سی سی ٹی وی مانیٹرنگ عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ موٹرویز کو بیرئیر فری کرنے اور ای ٹیگ لازمی قرار دینے پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ رشین فیڈریشن کے نائب وزیر اینڈری سرجیوچ نکیتن نے پاکستان اور روس کے مابین مشترکہ منصوبوں پر کام جاری رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں ٹریڈ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس ملاقات میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس اور اس کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

اہم خبریں سے مزید