• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی کی درخواست، وفاق، کے الیکٹرک کو نوٹس، نیپرا ریجنل ہیڈ طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے جماعت اسلامی کی درخواست پر شہر بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف وفاقی حکومت سمیت کے الیکٹرک کو نوٹس جاری کر دیئے جبکہ نیپرا کے ریجنل ہیڈ کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے ،جماعت اسلامی کے 9ٹاؤن چیئرمینز اور ایک ممبر سٹی کونسل نے موقف اختیار کیا ہے کہ اعلیٰ عدالتیں قرار دے چکی ہیں کہ آئین کے تحت بجلی عوام کا بنیادی حق ہے مگر کے الیکٹرک آئین و قانون کی پابندی سمیت عدلیہ کا فیصلہ قبول کرنے کو تیار نہیں ، وفاقی حکومت کو آئین کے تحت شہریوں کو بجلی کی فراہمی اور بجلی کی پیداوار کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ نیپرا پہلے ہی یہ قرار دے چکی ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ خلاف ِ قانون ہے دوسری جانب کے الیکٹرک کی جانب سے لائن لاسز پر لوڈشیڈنگ کرنے کے باعث وہ صارفین بھی متاثر ہو رہے ہیں جو باقاعدگی سے بل ادا کرتے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں شدید گرمی کا موسم ہے اور اس وقت اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ بجلی کی فراہمی معطل نہ ہو۔ لہذا ناجائز لوڈ شیڈنگ پر نیپرا کو کے الیکٹرک کے خلاف ایکشن لینے کاحکم دیا جائے۔ درخواست کی سماعت منگل کو متوقع ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید