• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسٹمز اپریزمنٹ کراچی کا افسر ڈرائیور سمیت اغواء کرلیا گیا

کراچی ( سہیل افضل)کسٹمز میں کرپشن کےبڑے اسکینڈل کے سامنے آنے کی افواہیں، کسٹمزاپریزمنٹ کراچی کے ایک افسر کو ڈرائیور سمیت نامعلوم افراد کی جانب سے اغواء کر لیا گیا ،افسران میں تشویش،لیکن سنیئر اور جونیئر تمام افسران خاموش،تفصیلات کے مطابق کراچی میں کسٹمز فیس لیس سسٹم کے پرنسپل اپریزر عمران اسلم گل کے بیٹے محمد شہروز خان نے بوٹ بیسن تھانے میں 4 جولائی کو ایک درخواست جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان کے والد اپنے ڈرائیور کے ساتھ 3 جولائی کو صبح 8 بجے اپنے گھر ملیر کینٹ سے دفتر کے لئے نکلے تھے،لیکن اس روز نہ تو وہ دفتر پہنچے ہیں اور نہ ہی واپس گھر آئے،بعد ازاں ان کی گاڑی بوٹ بیسن تھانے کی حدود سے مل گئی لیکن ڈرائیور اور ان کے والد کا کچھ پتہ نہیں چلا ،انھیں خدشہ ہے کہ نامعلوم افراد نے انھیں اغواء کر لیا ہے ،اس لئے واقعے کی فوری انکوائری کرائی جائے،دوسری جانب کسٹمز کے افسران اس بارے میں کچھ بھی بتانے سے گریزاں ہیں ،اس لئے افواہوں کا بازار گرم ہے ،کچھ افسران کا کہنا ہے کہ یہ اسی طرح کا اسیکنڈل ہے جس طرح کچھ عرصہ قبل کسٹمز انٹیلی جنس اور کسٹمز پریونٹیو کے 2 افسران کو سرکاری اداروں نے اٹھایا تھا ،انھیں بھی سرکاری اداروں نے اٹھایا ہے اس لیے کسٹمز افسران خاموش ہیں، یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ عمران گل موجود چیف کلکٹر کے منظور نظر ہیں،انھوں نے کچھ عرصہ قبل ایک اپریزر اور کسٹمز ایجنٹس کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا اب اس گروپ نے عمران گل اور دیگر افسران کا پورا کچا چٹھا سر کاری اداروں کے سامنے کھول دیا ہے جس کی وجہ سے انھیں گرفتار کیا گیا ہے اس لئے جلد ہی بڑا اسیکنڈل سامنے آئے گا ، دوسری جانب کسٹمز کے سینئر حکام اس پر بات کرنے سے گریزاں ہیں ۔
اہم خبریں سے مزید