پشاور ( لیڈی رپورٹر) پشاور شہر میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے سلسلے میں بند گئے راستے تاحال بحال نہیں ہو سکیں۔ مختلف اہم بازاروں کے داخلی راستوں پر ٹریفک بلاکس اور رکاوٹیں بدستور قائم ہیں ، جن کو عارضی طور پر راستہ کھول کر دوکانوں کے آگے رگھ دیاگیا ھے جس کے باعث شہریوں، خریداروں اور دکانداروں کو شدید پریشانی اور ذہنی کوفت کا سامنا ہے۔بازاروں کے عہدیداران، تاجر تنظیموں اور مقامی افراد نے ٹریفک پولیس اور انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم کے جلوس ختم ہو چکے ہیں، لہٰذا اب سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹائی جائیں تاکہ معمول کی زندگی اور تجارتی سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بلاجواز سڑکوں کی بندش سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے اور کئی مقامات پر طویل جام معمول بن چکا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب عشرہ محرم ختم ہو چکا ہے تو پھر ان رکاوٹوں کو برقرار رکھنے کا کیا جواز ہے۔