• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلگام، پاکستان تعاون پر تیار، حملے کی ذمہ داری لینے والے گروپ کیخلاف انڈیا کی مدد کریں گے، BLA، مجید گروپ کیخلاف بھارت کو تعاون کرنا ہوگا، بلاول

اسلام آباد (ایجنسیاں) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پہلگام حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والے گروپ کے خلاف انڈیا سے تعاون کے لیے تیار ہے اور انڈیا کو بھی بی ایل اے اور مجید گروپ کے خلاف پاکستان سے تعاون کرنا ہوگا‘پاکستان کسی دہشت گرد گروپ کو سپورٹ نہیں کرتااورکسی گروپ کو ملک کے اندر یا باہر دہشتگرد حملوں کی اجازت نہیں دیتا‘ پاکستان دہشتگردی کا شکار ملک ہے، نہ کہ اس کا سہولت کار‘ دونوں ملکوں کو جامع مذاکرات کے ذریعے دہشت گردی کے خطرے پر بھی کھل کر بات کرنی چاہیے اور دونوں ملکوں کے لیے اس مشترکہ چیلنج سے نکلنے کا راستہ تعاون ہی ہے ٹیکنالوجی کے دور میں بھی بھارت یہ ثابت نہیں کر سکا کہ پہلگام واقعہ کے حملہ آور کون تھے‘مسعود اظہر پاکستان نہیں افغانستان میں ہے، اگر مسعود اظہر پاکستان میں ہو تو ہم فوری گرفتار کریں گے‘پاکستان افغان جنگ کے بعد بطور معاشرہ اور ریاست تبدیل ہوا ہے۔بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں بلاول بھٹوکا کہناتھاکہ دہشتگردی کا آغاز افغانستان سے ہوا‘ القاعدہ اور دیگر گروہوں کے ذریعے پھیلاؤ ہوا، جن میں وہ عناصر بھی شامل تھے جو ماضی میں کشمیر میں جہاد کے نام پر سرگرم رہے۔ان کا کہنا تھاکہ ہمارے خطے میں دہشت گردی کی ایک تاریخ ہے اس میں لشکر جھنگوی، لشکر طیبہ اور دیگر دہشت گرد گروپ ہیں‘ سرد جنگ کی وجہ سے پاکستان کی یہ پالیسی تھی کہ ان گروپس کو اس وقت نہ دہشت گرد سمجھا گیا نہ کہا گیا، دہشت گرد کا لفظ نائن الیون کے بعد آیا، اس سے پہلے ایسے گروپوں کو فریڈم فائٹرز کے طور پر دیکھا جاتا تھا اور افغانستان اور سرد جنگ کے دوران لڑنے والوں کو اسی طرح دیکھا گیا، اُس وقت بھی میری والدہ اور میری جماعت اس بات کی ہم خیال نہیں تھی ۔بلاول کا کہنا تھاکہ ہم ماضی سے نہیں بھاگ رہے نہ ہی ماضی کی حقیقتوں کو نظرانداز کررہے ہیں، ماضی میں نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی برادری اور ڈکٹیٹر جنرل ضیا نے اس کوجہاد کے طور پر معاشرے میں پیش کیا۔

اہم خبریں سے مزید