• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ سے چینی قونصل جنرل کی ملاقات، کراچی سرکلر ریلوے پر گفتگو

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چینی قونصل جنرل یانگ یون دونگ نے ملاقات کی جس میں کراچی سرکلر ریلوے پر گفتگو کی گئی ، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کے سی آر منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جائے ۔ انہوں نے چینی حکومت کو خصوصی افراد کے لیے ’انکلیوژ سٹی‘ قائم کرنے میں تعاون کی دعوت بھی دی ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو وزیر اعلیٰ ہاوس میں کراچی میں تعینات چینی قونصل جنرل یانگ یون دونگ سے ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ نے چین کے آئندہ دورے سے قبل باہمی اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں وزیراعلی کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور چینی ڈپٹی قونصل جنرل ژانگ ہاؤ نے بھی شرکت کی۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ ستمبر میں چین کا دورہ کریں گے، جہاں وہ سندھ حکومت کے مختلف نئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی)منصوبے پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اسپیشل اکنامک زونز (SEZs) قائم کر رہی ہے، جن میں چینی سرمایہ کاری نہایت مفید ثابت ہو سکتی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے سی پیک منصوبوں اور کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) پر پیش رفت پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ کے سی آر منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جائے تاکہ کراچی کے شہریوں کو بہتر سفری سہولت میسر ہو۔
اہم خبریں سے مزید