اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر مذہبی امور سرداریوسف نے کہا ہے کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے۔ پاکستان نے پہلے تسلیم کیا نہ آئندہ کرے گا۔پاکستان نے ہمیشہ فلسطینی مظلوم عوام پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کی ہے۔ غزہ میں نہتے شہریوں خصوصا بچوں اور خواتین پر بمباری سے ہمارا دل زخمی ہے، عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے، او آئی سی کے پلیٹ فارم پر مسئلہ فلسطین اولین ایجنڈا ہونا چاہئے۔انہوں نے ان خیا لات کا اظہار گزشتہ روز فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زھیر محمد حمد اللہ زید سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر پاکستانی کی طرح میری بھی مسجد الاقصیٰ میں نماز ادا کرنے کی شدید خواہش ہے،ہماری خواہش ہے کہ مکہ اور مدینہ منورہ کی طرح قبلہ اول بیت المقدس کا آزادانہ سفر کریں۔