• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کے لوگ محبت کرنے والے، سوتیلے نہیں سگے بھائیوں والے تعلقات چاہتے ہیں، ایرانی قونصل جنرل

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)اسلامی جمہوریہ ایران کے نگران قونصل جنرل علی رضا رجائی اور ایران ایئر لائن کے سربراہ آغا کریمی اور ڈپٹی سربراہ آغا اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران دونوں برادر اسلامی ہمسایہ ملک ہیں ہماری کوشش ہے کہ دونوں ممالک کے تاجروں اور عوام کو سہولت کی فراہمی کیلئے حائل رکاوٹوں کو مل بیٹھ کر باہمی رضا مندی سے دور کریں اور رابطوں کو مضبوط بنائیں۔ بلوچستان کے لوگ مخلص، پیار محبت کرنیوالے ہیں۔ ہمیں حالات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے ہوں گے سرحدی علاقوں کے دورے کی اجازت کے حصول کے حوالے سے گورنر بلوچستان کو آگاہ کیا ہے جس کا مقصد ہمیں آپس کے روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے ہمیں آپس میں سگے بھائیوں جیسے تعلقات کو مضبوط بنانا ہے نہ کہ سوتیلے بھائی جیسے تعلقات کو پروان چڑھائے وفاق بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔ گوادر اور چاہ بہار بندر گاہوں کے مابین روابط کے لئے ہمیں گوادر اور چمن سمیت سرحدی علاقوں کا دورہ کرنے کی اجازت دی جائے وفاقی حکومت بھی اس حوالے سے اقدامات اٹھائے بلوچستان کے تاجروں کی سہولت کے لئے ایران ایئر سروس شروع کررہا ہے پہلے مرحلے میں ہفتہ وار پرواز ہوگی جس میں کارگو کی سہولت بھی مہیا کریں گے ہماری کوشش ہے کہ کم سے کم کرایہ مقرر کریں۔ کوئٹہ ایئر پورٹ حکام کی جانب سے کچھ مشکلات ہیں انہیں دور کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک ایران مشترکہ چیمبر آف کامرس میں ایران ایئر لائن کی جانب سے باضابطہ پرواز شروع کرنے کے افتتاح کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مشیر ماحولیات نسیم الرحمن ملا خیل، پیٹرن انچیف حاجی ولی محمد نورزئی، کوئٹہ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے سینئر نائب صدر تاج محمد خان بڑیچ، قاری نعیم الرحمن، ڈاکٹر فرحت اللہ، جاوید پراچہ، چوہدری رفعت علی، اسد نورزئی، عطاء اللہ مینگل، ماسٹر نادر علی، فرزانہ کریم بلوچ، شرمین یونس، صوفی احد، اکرم خان ترین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر علی رضا رجائی اور ایران ایئر لائن کے سربراہ آغا کریمی نے کہا کہ ایران اور پاکستان ہمسایہ ملک ہیں ہم دونوں ممالک کی بہتری اور مضبوطی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ تاجر اور عوام کی سہولت کیلئے مل کر اقدامات اٹھارہے ہیں ہماری کوشش ہے کہ تاجروں کی بھر پور مدد کی جائے اور جدید دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ایئر لائن ایران نے بلوچستان کے تاجروں اور پاک ایران مشترکہ چیمبر آف کامرس کوئٹہ سمال ٹریڈز اینڈ سمال انڈسٹری چیمبر کی کاوشوں کی بدولت ہفتہ وار پرواز کوئٹہ زاہدان اور مشہد کے لئے شروع کر رہے ہیں جس میں کارگو کی سہولت بھی ہوگی بعد میں پروازوں میں اضافہ اور کارگو کی فلائیٹ بھی شروع کریں گے جس کا مقصد تاجروں کو کم اخراجات اور وقت میں ایران کے تمام شہروں تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
اہم خبریں سے مزید