• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی نژاد برطانوی دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں: ڈاکٹر محمد فیصل

برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

پاکستان ہائی کمیشن لندن میں پاکستان نژاد برطانوی مئیرز، ڈپٹی مئیرز، کونسلرز، اور مقامی نمائندوں کا تاریخی اجتماع ہوا۔

برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کی خصوصی دعوت پر برطانیہ بھر سے 250 سے زائد پاکستان نژاد برطانوی منتخب شدہ عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔

پاکستان ہائی کمیشن میں منعقدہ خصوصی تقریب میں برطانیہ بھر سے مختلف مقامی سیاسی جماعتوں کی نمائندگی کی گئی جبکہ گریٹر لندن سے لے کر مڈلینڈز، مانچسٹر، بریڈ فورڈ، برمنگھم اور گلاسگو سے مندوبین نے خصوصی شرکت کی۔

چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں ہائی کمیشنر ڈاکٹر محمد فیصل سمیت چیئرمین یو کے پاکستان کشمیری کونسلرز فورم لیاقت علی MBE، شئرئف آف ناٹنگھم زعفران نواز خان، برطانیہ کی مختلف باروز کے کونسلرز بشمول رخسانہ فیاض، ماجد محمود، نظام اعظم، عشرت شاہ، نگہت خان، طارق ڈار اور دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ 

منتخب عوامی نمائندوں نے کمیونٹی لیڈرشپ کو اکٹھا کرنے کےلیے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور ہائی کمیشن کے عملے کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ 

کونسلرز نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین معاشی، تجارتی، تعلیمی اور سماجی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اپنے تعاون کا بھرپور اظہار کیا۔

مقررین نے برطانیہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی کو مزید متحرک کرنے کے لیے تجاوز پیش کیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستانی نژاد برطانوی ہمارے ثقافتی سفیر ہیں جو محنت، لگن اور استقامت جیسے اقدار کی عکاسی کرتے ہیں۔ پاکستانی نژاد نمائندے برطانیہ میں جمہوریت کو مضبوط کرنے، ثقافتی تنوع کو فروغ دینے اور برطانیہ اور پاکستان کے درمیان پل کے طور پر کام کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

بیرون ملک ہماری قوم کی طاقت ہمارے ڈاسپورا کے وقار، اتحاد اور خدمات سے ظاہر ہوتی ہے۔ پاکستان کی ترقی، آپ کی ترقی سے منسوب ہے کچھ منفی عناصر مذموم مقاصد کے لیے پاکستانی کمیونٹی کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان عناصر کا مل کر مقابلہ کریں گے۔ 

 ہائی کمشنر نے کونسلرز پر زور دیا کہ وہ تعلیم، کاروبار، صحت اور عوامی خدمات میں برٹش پاکستانیوں، بلخصوص خواتین اور نوجوانوں کی کامیابیوں کو اُجاگر کریں۔

برٹش پاکستانی نوجوان پاکستان کے ثقافتی ورثے کو ترویج دینے اور پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے میں بھر پور کردار ادا کریں۔ ہائی کمشنر نے قونصلر خدمات اور دوطرفہ تعلقات کے ذریعے پاکستانی کمیونٹی کی بھر پور خدمت کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ برٹش پاکستانی کمیونٹی پاکستان کو دنیا کے سامنے ایک خود مختار، استقامت اور ترقی پسند قوم کے طور پر پیش کریں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید