کراچی( اسٹاف رپورٹر )اتحاد ٹاؤن پولیس نے لڑکیوں کو بلیک میل کرنے والے ملزم سید ذیشان حسین شاہ عرف شانی ولد فدا حسین شاہ کو ناجائز اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا، پولیس نے بتایا کہ ملزم لڑکیوں کو مختلف طریقوں سے ہراساں کرتا انہیں بلیک میل کرتا اور جب کوئی لڑکی اس کی بات نہ مانتی تو مختلف نوعیت کے ظالمانہ حربے استعمال کرتا تھا اور اگر پھر بھی بات نہ بنتی تو قتل جیسا انتہائی قدم اٹھانے سے بھی گریز نہیں کرتا تھا،پولیس نے بتایا کہ سال 2021 میں ملزم نے اپنی سابقہ بیوی پر مین شاہراہ پر دن دہاڑے تیزاب پھینک کر قتل کرنے کی کوشش کی تھی جس پر مقدمہ تھانہ سعیدآباد میں درج کیا گیا تھا، بیوی ملزم کی شراب نوشی، تشدد اور غیر اخلاقی حرکات سے تنگ آکر علیحدگی اختیار کرکے ایک وکیل کے ساتھ بطور اسسٹنٹ کام کر رہی تھی،12 جولائی کو ملزم نے ایک اور لڑکی پر صرف اس وجہ سے کہ اس نے شادی سے انکار کیا فائرنگ کرکے اسے قتل کرنے کی کوشش کی تاہم خوش قسمتی سے متاثرہ لڑکی محفوظ رہی۔