ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے حسن پروانہ پارک اور مدنی پارک کا دورہ کیا، صفائی اور دیگر انتظامات کی ابتر صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا مدنی پارک میں صفائی، واکنگ ٹریک، لان، اور خصوصی بچوں کے کارنر کی ناقص حالت پر کمشنر عامر کریم خاں نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے موقع پر ہی اسسٹنٹ ڈائریکٹر انچارج زون اور پارک انچارج کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ آؤٹ سورس جھولے اور کینٹین میں پرائس لسٹ آویزاں نہ ہونے پر انہیں فوری طور پر سربمہر کردیا گیا۔کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی تزئین و آرائش بارےاجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی سی ملتان سمیت مختلف ترقیاتی اداروں اور انتظامی محکموں کے افسران نے شرکت کی، کمشنرنے کہا کہ شہر میں داخل ہوتے ہی شہریوں اور مہمانوں کو ایک منفرد اور دلکش احساس دینا ہمارا اولین مقصد ہے۔ اس سلسلے میں ملتان کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی جامع منصوبہ بندی کے تحت تزئین و آرائش کی جارہی ہے۔انہوں نے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر رحمان کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے کے احکامات دیے جس میں ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی پی ایچ اے واسا ایم ڈی اے پبلک ہیلتھ ہائی ویز میونسپل کارپوریشن ضلع کونسل کے افسران شامل ہوں گے یہ کمیٹی شہر کی داخلی خارجی شاہراؤں کا دورہ کر کے اس پر ہونے والے ترقیاتی کاموں کو مانیٹر کرے گی۔