تہران/اسلام آباد (اے پی پی/طاہر خلیل) ایران کے دارالحکومت تہران میں پاکستان، ایران اور عراق کے وزرا داخلہ کی سہ ملکی کانفرنس میں زائرین کی سہولت کیلئے تینوں ممالک کے مابین مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہن اہے کہ پاکستانی زائرین بغیر آرگنائزر گروپ کے عراق نہیں جاسکیں گے، پاکستان نے ایران پر حملے کی کھل کر مذمت اور دفاعی حق کی حمایت کرتا ہے،پاکستانی عوام مشکل وقت میں ایرانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اور آئندہ بھی ایران کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تہران میں سہ فریقی کانفرنس سے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں پاکستان، ایران اور عراق کے وزرا داخلہ کی سہ ملکی کانفرنس میں زائرین کی سہولت کیلئے تینوں ممالک کے مابین مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا، تینوں ممالک کے وزرا داخلہ کے درمیان زائرین کے مسئلہ پر انتہائی مفید گفتگو ہوئی اور فیصلہ کیا گیا کہ اربعین جانے والے زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی جس کیلئے تینوں ملک مشترکہ حکمت عملی اختیار کرینگے۔ پیر کو سہ ملکی کانفرنس کے انعقاد کے بعد تینوں ممالک کے وزرا داخلہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران سہ ملکی کانفرنس میں ہونے والے فیصلوں سے میڈیا کو آگاہ کیا۔ ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے کہا کہ عراق اور پاکستان کے وزرا داخلہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے زائرین کے مسئلہ پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کیلئے سہ ملکی کانفرنس میں شرکت کی۔ عراقی وزیر داخلہ عبدالامیر الشمری نے کہا کہ تینوں ممالک نے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر زور دیا ہے، امید ہے کہ باہمی تعاون سے زائرین کے مسئلہ کو حل کر لیا جائیگا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بہت جلد زائرین کے مسائل حل کئے جائیں گے اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے زائرین کو مزید بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سہ ملکی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی درخواست پر زائرین کے مسائل کے حل کیلئے سہ ملکی کانفرنس کے انعقاد پر ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عراق اور ایران جانے والے زائرین ہمارے لئے بہت اہم ہیں اور سہ ملکی کانفرنس سے عراق و ایران جانے والے زائرین کو مزید سہولت ملے گی۔ محسن نقوی نے جنگ میں شاندار فتح پر ایران اور ایرانی وزیر داخلہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایران پر حملے کی کھل کر مذمت کی اور ایران کے حق دفاع کو مکمل طور پر سپورٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران پاکستانی عوام ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے رہے، پاکستان اور ایران بھائی ہیں اور ہمیشہ بھائی رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یکم جنوری 2026 کے بعد پاکستانی زائرین انفرادی طور پر عراق نہیں جا سکیں گے، زائرین گروپ آرگنائزرز کے تحت ہی عراق جاسکیں گے، زائرین گروپ آرگنائزرز کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، آرگنائزرز گروپ عراق جانے والے زائرین کی وطن واپسی کے ذمہ دار ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف وہی لوگ انفرادی طور پر عراق جاسکیں گے جنہیں سفارتخانہ خصوصی ویزا جاری کرے گا، گروپ آرگنائزرز کے سسٹم سے غیر قانونی عراق جانے والوں اور زائد قیام کے رجحان کا خاتمہ ہو گا۔