اسلام آباد(نمائندہ جنگ)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں اہم شعبوں میں دوست ممالک کی جانب سے سرمایہ کاری کے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور بنیادی ڈھانچے، توانائی، پٹرولیم اور اقتصادی ترقی میں غیر ملکی سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا،پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے سرمایہ کاروں کو ٹھوس اقتصادی فوائد اور باہمی خوشحالی میں سہولت فراہم کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ادارہ جاتی ہم آہنگی اور تیز رفتار عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹریز برائے قانون و انصاف، پٹرولیم اینڈ فنانس، چیئرمین ایس ای سی پی اور وزارت خزانہ اور متعلقہ محکموں کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔