• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ، پاکستانی پروازوں پر پابندی ختم، فضائی کمپنیاں ایئر سیفٹی فہرست سے خارج

اسلام آباد/لاہور(حنیف خالد/آصف محمود بٹ /فاروق اقدس/راناغلام قادر)برطانیہ نے پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے باضابطہ طور پر خارج کر دیا ہے جس سے پاکستانی فضائی کمپنیوں کی برطانیہ کیلئے پروازوں پر5سال سے عائد پابندی ختم ہو گئی ہے‘اب پاکستانی فضائی کمپنیاں یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے آپریٹنگ پرمٹ حاصل کرنے کیلئے درخواست دے سکتی ہیں جو براہ راست پروازوں کی بحالی کی جانب پہلا قدم ہوگا۔ برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے بین الاقوامی فضائی تحفظ کے معیارات پر کامیابی سے عملدرآمد کیا ہے۔ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اگرچہ فی الوقت براہِ راست پروازیں بحال نہیں ہو رہیں مگر میں اس دن کی منتظر ہوں جب کسی پاکستانی ایئرلائن کے ذریعے اپنے اہل خانہ اور دوستوں سے ملاقات کے لیے سفر کر سکوں گی‘ وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ قومی ایئر لائن کی برطانیہ کے لیے پروازیں بحال ہونے سے پاکستان کو سچائی کی بنیاد پر سرخروئی حاصل ہوئی‘ برطانیہ، پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے‘ پی ٹی آئی رہنماؤںکے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے ماضی میں پاکستانی پروازوں پر پابندیاں لگیںجبکہ وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اورسابق وزیر ہوابازی غلام سرور نے پی آئی اے کو قبرستان بنا دیا تھا‘ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ اجتماعی ہوگا اور کابینہ فیصلہ کرے گی۔پی آئی اے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کے مطابق برطانوی آپریشن کا باضابطہ آغاز اسلام آباد سے مانچسٹر کی پروازوں سے ہوگا، شیڈول کی منظوری ملتے ہی ابتدائی طور پر ہفتہ وار تین پروازیں چلائی جائیں گی ۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے خارج کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستانی ایئرلائنز کو برطانیہ کے لیے براہِ راست پروازیں بحال کرنے کی راہ مل گئی ہے۔برطانوی حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (PCAA) اور برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی کے مابین تکنیکی تعاون اور طویل المدتی اقدامات کے بعد سامنے آیا ہے، جن کے ذریعے ہوابازی کے عالمی معیار کے مطابق سکیورٹی اور سیفٹی سسٹمز کو بہتر بنایا گیا۔برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہایہ ایک خوش آئند قدم ہے۔برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی اب پاکستانی ایئرلائنز کی جانب سے پروازوں کے اجازت ناموں کی درخواستیں وصول کرے گی، تاہم ہر ایئرلائن کو اپنی سروس کے آغاز سے قبل تمام آپریشنل اور ریگولیٹری تقاضے مکمل کرنے ہوں گے۔صدر لاہور چیمبر آف کامرس میاں ابو ذر شاد نے ’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف سیاحت بلکہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔ تاجر برادری فیصلے کو سراہتی ہے۔براہِ راست پروازوں کی بحالی سے کاروباری روابط میں وسعت اور نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری اور کاروباری شخصیات نے فیصلے کو سراہتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور متعلقہ اداروں کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ جلد پاکستانی ایئرلائنز ایک بار پھر برطانوی فضاؤں میں بلند پرواز کریں گی۔پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (PCAA) نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ کے ڈیپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ نے، برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی کے ذریعے، پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید