اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وفاقی کا بینہ نےوزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل کی سفارش پر ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹیٹیوشن (EOBI)کی پنشن میں 15فیصد اضافے کی منظوری دیدی جسکا اطلاق یکم جنوری، 2025 سے ہو گا۔ پنشن میں یہ اضافہ ادارہ اپنے وسائل سے پورا کریگا، کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر زندگی بچانے والی ادویات کی درآمد پر مزید پانچ سال کیلئے ٹیکس استثنیٰ کی منظوری دیدی، یہ ادویات صرف اسپتالوں اور متعلقہ اداروں میں دستیاب ہونگی، کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہر دو ماہ بعد وزارتوں کی کارکردگی کو جانچا جائیگا، اچھی کارکردگی کامظاہرہ کرنے والی وزارت کے ذمہ داران کو شاباش ملے گی اور جہاں کمی کوتاہی ہوگی اسے دور کرنے کی کوشش کی جائیگی اورضرورت پڑنے پر تادیبی کارروائی بھی کی جائیگی، معاشی ترقی کیلئے سب ملکر کاوشیں کررہے ہیں، پی ایس ڈی پی کے تحت ایک ٹریلین سے زیادہ ترقیاتی کاموں پر خرچ کئے گئے ہیں، سانحہ سوات جیسے دلخراش واقعے سے سبق سیکھنے اور بچنے کیلئے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی کا بینہ کا اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وفاقی کا بینہ نےEOBIکی پنشن میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دیدی ۔ وزیراعظم نے ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹیٹیوشن(EOBI ) میں اداراتی اصلاحات کے حوالے سے کابینہ کی کمیٹی تشکیل کرنے کی ہدایت کی ۔ یہ کمیٹی ادارے کی اصلاحات کے ساتھ ساتھ غیر منظم لیبر سیکٹر جیسا کہ گھریلو ملازمین، کاشتکاری سے وابستہ ملازمین اور اس طرح کے دیگر شعبوں کے ملازمین جنہیں اب تک نظر انداز کیا جاتا رہا، کو اولڈ ایج بینیفٹس کی فراہمی کے حوالے سے تجاویز پر غور و خوض کریگی۔