• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحاق ڈار کی افغان قیادت سے ملاقاتیں، کابل میں وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے سلامتی امور پر گفتگو، علاقائی ممالک کو درپیش خطرات کے خاتمے پر زور

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)نائب وزیر اعظم اور وزیرخارجہ اسحٰق ڈارکی کابل آمد‘ افغانستان کے وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند‘وزیرخارجہ امیرخان متقی اورقائم مقام وزیر داخلہ سراج الدین حقانی سے ملاقاتیں‘امن وسلامتی ‘ سرحدی امور‘تجارت و ٹرانزٹ تعاون اور علاقائی رابطہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال‘خطے کے ممالک کو درپیش خطرات کے خاتمے کی اہمیت پر زور‘فریقین نے مشترکہ تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے اعلیٰ سطحی رابطوں کو برقرار رکھنے اور سکیورٹی تعاون کے فروغ پراتفاق کیا ۔ ادھرکابل میں ازبک‘افغان‘پاکستان ریلوے کوریڈور کے تحت نائب آباد-خرلاچی ریلوے لنک کے لیے مشترکہ فیزیبلٹی اسٹڈی کے فریم ورک معاہدے پر دستخط ہوگئے۔نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے کہاکہ یواے پی ریلوے کوریڈوروسطی ایشیائی ممالک کو افغانستان کے راستے پاکستانی بندرگاہوں سے جوڑے گا‘ انہوں نے ازبکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ ہم نے برادر ممالک کے ساتھ مل کر اس انقلابی منصوبے کی بنیاد رکھی‘ یہ منصوبہ علاقائی رابطے اور اقتصادی انضمام کو فروغ دینے میں ایک اہم سنگ میل ہے‘ انہوں نے کہاکہ میں پاکستان‘ افغانستان اور ازبکستان کے عوام اور حکومتوں کو معاہدے پر دستخط ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دورے میں وزیر ریلوے حنیف عباسی ،نمائندہ خصوصی برائے افغانستان بھی اسحق ڈار کے ساتھ موجود تھے،،وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ اس معاہدے پر دستخط سابق پی ڈی ایم حکومت (2022-23) کی قیادت اور عزم کا نتیجہ ہیں جب وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں مجھے بطور وزیر خزانہ اس منصوبے کی قیادت کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔دریں اثنا معاہدے پر دستخط سےقبل وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے افغانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ کے ساتھ کابل میں ملاقات کی۔سہ فریقی ملاقات میں مضبوط تعلقات اور امن، روابط، تجارت اور علاقائی ترقی کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔تینوں فریقوں نے خطے کی اقتصادی صلاحیت کو بروئے کار لانے اور اپنے عوام کے لیے طویل المدتی خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔قبل ازیں اسحٰق ڈار ریلوے منصوبے کے لیے مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی پر فریم ورک معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کے لیے کابل پہنچے تو وہاں پاکستانی سفارتخانےاور کابل انتظامیہ کے اعلیٰ سطحی حکام نے ان کا استقبال کیا۔جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ازبکستان‘ افغانستان‘پاکستان (یو اے پی)ریلوے راہداری کے مشترکہ فزیبلٹی سٹڈی کے فریم ورک معاہدے کی تقریب کے موقع پر سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے افغان وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے امن و سلامتی، تجارت و ٹرانزٹ تعاون اور علاقائی رابطہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔علاوہ ازیں سراج الدین حقانی سے ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے سلامتی کے معاملات پر تفصیلی گفتگو کی اور خطے کے ممالک کو درپیش خطرات کے خاتمے کی اہمیت پر زور دیا۔

اہم خبریں سے مزید