اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مالی سال 25-2024 میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس2.1ارب ڈالرتک پہنچنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس گزشتہ 22سالوں کی بلند ترین سطح پر پہنچنا انتہائی خوش آئند ہے‘ زر مبادلہ کے ذخائر 19ارب ڈالرز سے تجاوز کر گئے ہیں‘معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہوچکی ‘وفاقی حکومت وفاق سمیت ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے ٹاپرز کو الیکٹرک بائیک فراہم کرے گی‘حکومت ترجیحی بنیادوں پر روزگار کیلئے ایسے لوگوں کو الیکٹرک رکشے اور لوڈر فراہم کرے گی جو بے روزگار ہیں۔ جمعہ کوجاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں استحکام کی بنیادی وجہ ترسیلات زر اور برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہے ‘ دن بدن بہتر ہوتے مالیاتی و معاشی اشاریے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ملکی معیشت استحکام کے راستے پر گامزن ہو چکی ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے الیکٹرک وہیکل کی عام آدمی تک رسائی کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات کا جامع لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکٹرک وہیکلز کی حوصلہ افزائی سے ایندھن کی مد میں اربوں ڈالر کے قیمتی زر مبادلہ کی بچت ہوگی ،ماحولیاتی تحفظ میں مدد اور مقامی صنعت کو فروغ ملے گا۔وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک میں الیکٹرک وہیکلز کی حوصلہ افزائی، الیکٹرک بائیکس، رکشہ و لوڈر کے حصول میں حکومتی معاونت پر جائزہ اجلاس جمعہ کو یہاں منعقد ہوا۔شہبازشریف نے ہدایت کی کہ ملک میں الیکٹرک وہیکلز کی تیاری اور مینٹی ننس کیلئے ایک مکمل ایکوسسٹم تشکیل دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں اورالیکٹرک وہیکلز کی تقسیم اور اس میں حکومتی معاونت کے پورے طریقہ کار کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کرائی جائے۔