کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کا 33 واں سالانہ جلسہ تقسیم اسنادہفتہ کوایکسپوسینٹر میں منعقد ہوا جس کی صدارت گورنر سندھ وچانسلر جامعہ کراچی محمد کامران خان ٹیسوری نے کی۔ جلسہ تقسیم اسناد میں تعلیمی سال 2023ء صبح اورشام کے پروگرام کے مختلف شعبہ جات کے 7248 طلباوطالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں ،اسی طرح 60 طلباوطالبات کو مختلف شعبہ جات میں پی ایچ ڈی جب کہ 43 طلبہ کو ایم فل اور02 طلبہ کو ایم ایس کی ڈگریاں تفویض کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق 2023 ء کے امتحانات میں پوری جامعہ کی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈٹیکنالوجی کی حافظہ اقصیٰ انورکو طلائی تمغہ سے نوازاگیا جب کہ کلیہ جات کی سطح پر 2023 ء کے امتحانات میں کلیہ فنون وسماجی علوم میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر شعبہ بین الاقوامی تعلقات کی انزیلہ،کلیہ تعلیم میں شعبہ اسپیشل ایجوکیشن کی رابعہ شہباز،کلیہ معارف اسلامیہ کے شعبہ علوم اسلامی کی مریم،کلیہ قانون میں علشبہ جیلانی،کلیہ نظمیات وانتظامی علوم میں شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کی ہانیہ ساجداورکلیہ علم الادویہ میں عمامہ کو طلائی تمغوں سے نوازاگیا۔ اسی طرح کلیہ علوم میں کلیہ کی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے پرانسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی حافظہ اقصیٰ انوراور کلیہ انجینئرنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر زین عادل کو طلائی تمغوں سے نوازاگیا۔جلسہ تقسیم اسناد میں آنرز،ماسٹرزاور بی ایس پروگرام سال2023 ء کے مختلف شعبہ جات کے صبح اور شام پروگرام میں پوزیشن حاصل کرنے والے 244 طلباوطالبات کوگولڈ میڈل تفویض کئے گئے۔جن شعبہ جات میں ڈگریاں تفویض کی گئیں ہیں ان میں بی اے( آنرز)،بی ایس سی (آنرز)،بی اے،ایل ایل بی،بی بی اے،بی ایڈ (آنرز)،بی پی اے (آنرز)،بی ایس (اکنامکس اینڈ فنانس)،بی ایس (کمپیوٹشنل میتھ میٹکس)،بی ایس (فائنینشل میتھمیٹکس)،بی ایس (ہیومن ریسورس)،بی ایس(سپلائی چین مینجمنٹ)، بی ایس بی اے،بیچلرآف لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس،بی ایس(پبلک ایڈمنسٹریشن)،بیچلرزآف ڈیزائن،بیچلرزآف فائن آرٹس ،بیچلرزآف آرکیٹیکچر، بی ایس سی ایس،بی ایس ایس ای، آڈیولوجی اینڈ اسپیچ پیتھالوجی ،ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی،ایگزیکٹوایم بی اے،ایم اے، ایم ایس سی،ایم پی اے،ایم بی اے ، ایم سی ایس ،پی جی ڈی اور فارم ڈی شامل ہیں۔جلسہ تقسیم اسناد میں 60طلبہ کو پی ایچ ڈی ،32 طلبہ کوایم فل جب کہ ایک طالبعلم کو ڈی ایس سی اور ایک طالبعلم کو ایم ایس کی ڈگری تفویض کی گئی جس میں کلیہ فنون وسماجی علوم میں 11 طلباوطالبات کو پی ایچ ڈی جب کہ 09 کوایم فل ،کلیہ نظمیات انتظامی علوم میں10 طلبہ کو پی ایچ ڈی جب کہ ایک طالبعلم کو ایم فل کی ڈگری تفویض کی گئی،کلیہ علوم میں 21 طلباوطالبات کو پی ایچ ڈی جب کہ15 طلباوطالبات کو ایم فل کی ڈگریاں تفویض کی گئیں۔کلیہ علم الادویہ میں 07 طلبہ کو پی ایچ ڈی کی ڈگریاں تفویض کی گئیں۔کلیہ تعلیم میں 06 طلبہ کو پی ایچ ڈی جبکہ 06 طلبہ کو ایم فل کی ڈگریاں تفویض کی گئیں اور کلیہ قانون میں04 طلبہ کو پی ایچ ڈی کی ڈگریاں تفویض کی گئیں۔ ڈی ایس سی کی ڈگری شعبہ کیمیاء جب کہ ایم ایس کی ڈگریاں گائناکولوجی اورآپریٹوڈینٹسٹری میں تفویض گئیں۔گورنرسندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ اس جلسہ گاہ میں سب سے اہم اوراس دن کے منتظر ان تمام طلباوطالبات کے والدین ہیں جنہوں نے 16 سال اس دن کاانتظارکیااوراپنے بچوں کو اس قابل بنایا کہ وہ آج اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے اہل ہوئے ہیں۔آج اس جلسہ تقسیم اسناد میں کچھ طالبات نے تین تین میڈل بھی حاصل کئے جو بہت خوش آئند ہےلیکن کیا یہ عملی زندگی میں پاکستان کے نظام میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں۔