اسلام آباد (محمد صالح ظافر) پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم، جنہیں حال ہی میں امریکی ایف بی آئی نے اپنی "موسٹ وانٹڈ" فہرست میں شامل کیا ہے، اعلیٰ سطحی مشاورت کے لیے تہران روانہ ہو گئے۔ اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے جنگ/دی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ رضا امیری مقدم اگلے ماہ واپس آ سکتے ہیں، لیکن واپسی کا حتمی شیڈول نہیں دیا جا سکتا،عہدیدار کےمطابق ان کی واپسی میں ایک یا دو یا زیادہ ہفتے بھی لگ سکتے ہیں۔ وہ گزشتہ ہفتے کے وسط میں اسلام آباد سے روانہ ہوئے۔ ایف بی آئی نے ا س ہفتے کےاوائل میں ان کےبارےمیں اعلا ن کیا تھا،۔ اس اعلان کے فوری بعد پاکستان نے واضح کیا کہ سفیر کو مکمل سفارتی استثنیٰ، تحفظ اور احترام حاصل رہے گا۔ دفتر خارجہ نے انہیں پاکستان میں "قابل احترام" شخصیت قرار دیا۔