پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی نے اسمبلی اجلاس سے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا۔
تحریک انصاف کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ہوا۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے پارلیمانی پارٹی اجلاس طلب کیا۔ جس میں پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کو فی الحال اسمبلی ہال نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے لیے اجلاس میں اپوزیشن ارکان کی آمد جاری ہے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس شروع ہونے میں تاخیر ہو گئی ہے، ڈیڑھ گھنٹہ گزرنے کے باوجود اجلاس ابھی تک شروع نہ ہو سکا۔
اجلاس شروع ہونے کے کچھ وقت بعد کورم کی نشاندہی پر ملتوی ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس ملتوی کرنے سے مخصوص نشستوں پر حلف برداری کا عمل رک جائے گا۔